• Citizen Journalism Program

لیاری کا بائبل بیپٹسٹ چرچ

لیاری میں موجود بائیبل بیپٹسٹ چرچ ۱۹۵۹ سے قائم ہے جس کی خدمت میں آئی۔ ایم۔ اسٹیفن کی فیملی سال ۱۹۶۰ سے مشغول ہے۔ لیاری کے مختلف علاقے جیسے کہ آگرہ تاج، بہار کالونی، سلاٹر ہاؤس ، کوئلہ گودام میں رہائش پذیر لوگ عبادت کے لئے اس چرچ میں آتے ہیں۔ چرچ کے موجودہ پادری پاسٹر ایرنیسٹ اسٹیفن کا کہنا تھا کہ یہاں کرسچن کمیونٹی کو عبادت کرنے میں کسی بھی طرح کی پابندی نہیں، انکا کہنا تھا کہ اس علاقے میں ہر مسلک کے رہنے والوں کو اپنی عبادات کرنے کی مکمل آزادی ہے۔


یہاں ہر جمعہ کو شام ۶بجے سے ۸ بجے تک دعائیہ میٹنگ ہوتی ہے اور اتوار کی عبادت صبح ۱۰بجے سے ۱۲بجے تک ہوتی ہے۔ چرچ میں آنے والوں کی تعداد کبھی ۱۰۰ ہوتی ہے تو کبھی ۱۵۰ تک پہنچ جاتی ہے۔ پاسٹر ایرنیسٹ اسٹیفن کے مطابق علاقے میں آباد مسلم برادری بھی ہمارے تہواروں میں بھرپور تعداد میں شامل ہوتی ہے اور یہاں کسی کو کوئی روک ٹوک نہیں، علاقہ مکین ایک دوسرے کے مذہب اور عقیدہ کو عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو اپنے آپ میں ایک مثال ہے۔


پاسٹر اسٹیفن نے مزید بتایا کہ جب بھی کبھی مسلم برادری کو شادی بیاہ و دیگر تقریبات کے لئے جگہ درکار ہوتی ہے تو چرچ ان کو جگہ بھی فراہم کرتا ہے۔ پاسٹر اسٹیفن کا کہنا تھا کہ بائیبل بیپٹسٹ چرچ اپنی ایک تاریخ رکھتا ہے لیکن گزرتے وقت کے ساتھ چرچ کو مرمت اور تزئین و آرائش کی ضرورت ہے، وہ اس کے ساتھ ایک کمیونٹی ہال بھی بنانا چاہتے ہیں جہاں بچوں کو تعلیم و تربیت بھی دی جاسکے اور کمیونٹی کے لئے ایک جگہ بھی مختص ہو۔

پچھلے ۶۰ دہائیوں سے لیاری میں موجود یہ چرچ بین المذاہب ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت ہے جہاں تمام مذاہب کے رہنے والے ایک دوسرے کے مذہب اور عقیدے کا نہ صرف احترام کرتے ہیں بلکہ ’’سب سے پہلے انسانیت‘‘ کا بھی درس دیتے ہیں۔



Contributor: Sadaf Suleman and Aaliya Wahid

7 views

A Project by SIE in collaboration with KYI.

  • Facebook - White Circle
  • Twitter - White Circle
  • Instagram - White Circle